جکارتہ: انڈونیشیا کے سمندر میں ڈرلنگ کرنے والی جرمنی ساختہ آبدوز عملے کے 53 ارکان سمیت لاپتہ ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کی آبدوز ’’کے آر آئی نانگگلہ 402‘‘ انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے سمندر میں آبی گولوں کا استعمال کرتے ہوئے ڈرلنگ کر رہی تھی تاہم آبدوز کے عملے سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ آبدوز میں 53 افراد موجود ہیں۔
انڈونیشیا کی بحریہ نے آبدوز کے لاپتہ ہونے پر تلاش کا کام شروع کردیا ہے جس کے لیے آسٹریلیا اور سنگاپور سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ آبدوز کی تلاش کا کام بالی سے 60 میل کی دوری پر جاری ہے۔
انڈونیشیا کی کابینہ کے سکریٹریٹ کی ویب سائٹ کے مطابق ، 1،395 ٹن کے آر آئی ننگگالہ 402 جرمنی میں 1978 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ آبدوز دو سال جنوبی کوریا میں رہی جہاں اس میں ترمیم کی گئی اور دوبارہ استعمال کے لیے 2012 میں تیار کیا گیا تھا۔
ماضی میں انڈونیشیا اپنے وسیع و عریض جزیرے کے پانیوں پر گشت کرنے کے لیے سوویت یونین سے خریدی گئی 12 آبدوزوں کا بیڑا استعمال کیا کرتا تھا تاہم اب صرف 5 آبدوزیں ہیں جن میں سے 2 جرمنی اور 3 جنوبی کوریا کے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا دفاعی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اب بھی کافی کام کرنا باقی ہیں، یہی وجہ ہے کہ حالیہ برسوں میں فضائی حادثوں میں زیادہ تر نہایت پرانے جہاز شکار ہوئے۔