واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے ذمہ دار وزیراعظم نریندر مودی ہیں۔
بھارت میں رواں ماہ کے وسط سے کورونا نے ایک بار پھر سر اُٹھانا شروع کردیا ہے اور یومیہ کورونا کیسز کے لحاظ سے ہر آنے والے دن گزرتے روز کا ریکارڈ ٹوٹ رہا ہے۔ آج بھی 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ 3 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
بھارت میں کورونا کی اس تباہی کا تجزیہ کرتے ہوئے معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ وزیراعظم مودی نے کورونا کے یومیہ 2 لاکھ کیسز سامنے آنے کے باوجود مغربی بنگال اور دیگر چند ریاستوں میں ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کے بجائے کھچا کھچ بھرے ایک جلسہ عام سے خود بھی خطاب کیا اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اجتماعات کی اجازت دی۔
اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رہی سہی کسر کمبھ میلے نے پوری کردی جس میں صرف تین دن میں ملک بھر سے آنے والے 25 لاکھ سے زائد یاتریوں نے گنگا جمنا میں ڈبکی لگائی اور اس دوران ایس او پیز کو کسی خاطر میں نہیں لایا گیا۔ مودی نے پہلے الیکشن اور پھر کمبھ میلے کی اجازت دیکر عوام کی صحت کو سیاسی مقاصد کی بھینٹ چڑھا دیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں یومیہ پونے چار لاکھ کورونا کیسز سامنے آنے پر کئی شہروں کے اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔