ہرارے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں کے بعد اب باؤلرز بھی زمبابوے پر قہر بن کر برس پڑے ، زمبابوے کی پوری ٹیم پاکستان کے 510 رنز کے جواب میں 132 رنز بنا کرآئوٹ ہو گئی اس طرح قومی ٹیم کو 378 رنزکی برتری حاصل ہوگئی ۔
کھانے کے وقفے بعد زمبابوے فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگزکا آغاز کرےگی،پاکستان کی جانب سے حسن علی نے5وکٹیں حاصل کیں، محمد ساجد نے 2،شاہین آفریدی اورتابش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔نعمان علی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
پاکستان کے 510 رنز کے جواب میں زمبابوے کی جانب سے کیون کسوزا اور تریسائی نے میدان میں اتر کر بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے تریسائی موساکانڈا بغیر کوئی سکور بنائے تابش خان کی گیند کا نشانہ بنے اورصرف ایک رنز کے مجموعے پر پولین لوٹ گئے ۔
ان کے ساتھ میدان میں اترنے والے کیون کسوزا صرف 4 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ، وہ حسن علی کی گیند پر دفاع کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ بیٹ سے ایج نکلنے سے گیند وکٹوں میں جا لگی اور 23 رنز کے مجموعے پر بولڈ ہو گئے ۔ حسن علی کے بعد اگلی وکٹ پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی اور انہوں نے برینڈن ٹیلر کو 9 رنز پر پولین پہنچا دیا ، برینڈن شاہین شاہ آفریدی کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں پیچھے کیچ دے بیٹھے اور 40رنز کے مجموعے پر آوٹ ہو گئے ۔
رجیس چاکابوا بھی کچھ دیر کیلیے وکٹ پر قدم جمانے میں کامیاب ہوئے لیکن حسن علی کے ہاتھ میں گیند آئی تو انہوں نے رجیس کا کھاتہ بھی 33 رنز پر بند کر دیا ۔ ملٹن شومبا 2 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے ٹینڈائی محض ایک رنز بنانے کے بعد حسن علی کا شکار بنے ۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی میزبان ٹیم کے بیٹسمینوں پر قہر بن کر برس رہے ہیں اوراب تک 5 کھلاڑیوں کو پولین پہنچا چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، تابش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے ۔ساجد خان2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دوسرے روز کے کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل 510 رنز پر اننگ ڈکلیئر کر دی جس میں سب سے بڑاکردار عابد علی کا رہا جو کہ ڈبل سینچری بنا کر ناقابل شکست رہے ، انہوں نے 407 گیندوں پر 29 چوکوں کی مدد سے 215 رنز کی اننگ کھیلی ۔ ان کے علاوہ اظہر علی نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 126 رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ اسکورر رہے ۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بیڈ لک رہی اور وہ صرف دو رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے لیکن سب سے زیادہ بیڈ لک نعمان علی کی رہی جو کہ کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سینچری بناتے بناتے رہ گئے اور 97 رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔ نعمان علی نے آٹھویں نمبر پر آ کرعابد علی کا بھر پور ساتھ دیا اوران کی ڈبل سینچری مکمل کروائی اور ساتھ ہی بہترین انداز میں بیٹنگ جاری کرتے ہوئے 97 رنز کی یادگار اننگ کھیل کر قومی ٹیم کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنا دیا ۔