کراچی میں آندھی اور بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
اورنگی ٹاؤن میں پی ایم ٹی پول سمیت ٹوٹ کر گر گیا ہے۔ سڑک پر بجلی کی تاریں اور پی ایم ٹی گرنے سے شہریوں میں خوف و ہراس بھی پھیلا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شکایت درج کرانے کے باوجود کے الیکٹرک کا عملہ تاحال جائے وقوع پر نہیں پہنچ سکا ہے۔ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
بارش کے بعد شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور کے الیکٹرک کے 925 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں۔
نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا اور سائٹ ایریا میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز ہوا کے جھکڑ چل رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سائیکلون نہیں ہے کیونکہ سمندری سائیکلون پاکستانی حدود سے گزر چکا ہے۔ محکمے کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہوائیں مزید کچھ دیر کے لیے ہیں۔