طارق خان شہید نواز شریف کے سچے سپاہی تھے،حاجی شرافت اکاخیل

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر حاجی شرافت اکا خیل نے کہا ہے کہ طارق خان شہید مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نواز شریف کے سچے سپاہی تھے انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کو فعال کرنے میں اہم کردار ادا کیا جس کی وجہ سے دہشت گردوں نے طارق خان کو شہید کر دیا لیکن مسلم لیگ (ن) کا قافلہ رواں دواں ہے اور اب کراچی میں مسلم لیگ (ن) کا اہم کردار ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہنواز بھٹو کالونی میں PS-123 کے صدر وقار حسین گورچانی کی جانب سے شہید طارق خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع وسطی کے صدر محمد اسلم خٹک ایڈووکیٹ نے کہا کہ طارق خان شہید نے پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنی جان کی قربانی دیکر موت کو گلے لگا لیا اور ان کا خاندان آج بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑا ہے۔ میزبان وقار حسین گورچانی نے شہید طارق خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طارق خان لیڈر و بہادر انسان تھے۔ طارق خان کے دیرینہ دوست نور عالم نے کہا کہ شہید طارق خان کا بچھڑنا پارٹی کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کی کمی کو بھلایا نہیں جائے گا۔ اس موقع پر طارق خان کے بڑے بھائی ایوب جوہری، یاسر راجپوت، ملک احسن، طارق حسین گورچانی، گل اکا خیل، فضل خان مہمند و دیگر عہدیداران و کارکنان نے تقریب میں شرکت کی۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ شہید طارق خان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہے اور وہ بہادر انسان تھے۔ پارٹی کو ان کی شہادت سے بڑا ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔