پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی کے مسئلے پر سندھ اور پنجاب میں محاذ آرائی افسوسناک ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پانی کی تقسیم حساس معاملہ ہے، غیر ذمہ داری خطرناک ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت اور ارسا اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھاکہ سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں، عمران خان وفاقی اکائیوں کا اتحاداور ملکی سلامتی داؤ پر نہ لگائیں۔
خیال رہے کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر پانی چوری کا الزام عائد کیا جارہا ہے جبکہ دونوں صوبوں کے درمیان اس حوالے سے گرما گرمی بھی جاری ہے۔
گزشتہ روز پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔