وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے جس طرح مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ریلوے کو چلایا آج ہمیں حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہ ریلوے میں سرمایہ کاری کرتے تو آج حادثات نہ ہوتے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک بار پھر ریلوے حادثےکا ذمہ دار سابقہ حکومتوں کو قرار دے دیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اورنج ٹرین لائن پرخرچ کیا گیا پیسہ ریلوے پرخرچ ہوتا تو حادثات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، ریلوے کے معاملات سالہا سال نظر انداز ہوتے رہے، جس کی وجہ سےحادثات ہوتے ہیں، ن لیگ اور پی پی نے ایسی سیاست کی بنیاد رکھی جس کی بنیاد کرپشن ، چوری اور سینہ زوری تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہم پر مسلط رہے انہوں نے کسی ادارے کو پنپنے نہیں دیا، جب آپ ہاتھ لگاتےہیں توپتاچلتاہےکسی کا کسی میں حصہ ہے اور کسی کا کسی میں، یہ ایسی معصوم شکلیں بنا رہےہیں کہ انہیں کچھ معلوم ہی نہیں ،جنہوں نے ریلوے کو تباہ کیا وہ ہمیں سبق دے رہےہیں کہ کیا کرنا چاہیے،ہم اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے ہیں، ہمارے دور میں کوئی ایک تعیناتی سیاسی بنیاد پر نہیں ہوئی۔
فواد چوہدری کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج کیا، اس دوران ارکان نے استعفیٰ دو کے نعرے لگائے اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا۔