مہاتما گاندھی کی پڑپوتی اشیش لتا رامگوبن کو جنوبی افریقہ میں 6 ملین افریقی رانڈ کا فراڈ اور جعلسازی کرنے پر ڈربن عدالت نے 7 سال قید کی سزا سنا دی ۔
لتا رام گوبن نے بھارت سے کچھ سامان درآمد کرنے اورکسٹم ڈیوٹی کی مد میں جنوبی افریقہ کے تاجرایس آر مہاراج سے 6.2 ملین کی رقم ایڈوانس لی مگر بعد میں سامان اور پیسے دونوں دینےسے انکار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق گاندھی کی پڑپوتی کے خلاف مقدمے کی سماعت سال 2015 میں شروع ہوئی ، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ لتا نے سرمایہ کاروں کو راضی کرنے کیلیے جعلی رسیدیں اور دستاویزات دیں جن کے مطابق کپڑے کے تین کنٹینرز بھارت سے بھیجے جا رہے ہیں ، اس وقت لتارامگوبن کی ضمانت 50 ہزار افریقی رانڈ کے عوض منظور کر لی گئی تھی ۔
گزشتہ روزعدالت کو بتایا گیا کہ لتا رام گوبن تاجر مہاراج سے سال 2015 میں ملی جن کی کمپنی کپڑے کی درآمد کرتی اور اشیاء بناتی تھی جبکہ دیگر کمپنیز کو پرافٹ شیئر کی بنیاد پر سرمایہ بھی دیتی تھی ۔ لتا رامگوبن نے مہاراج کو بتایا کہ انہوں نے لینن کے تین کنٹینرز بھارت سے درآمد کئے ہیں ، انہیں کسٹم کلیئرنس اور دیگر اخراجات کی مد میں سرمایہ چاہiے ۔
لتا رام گوبن نے اپنے خریدے ہوئے مال سے متعلق دستاویزات دکھائیں ، اس کے بعد انہوں نے مہاراج کو نیٹ کیئر کمپنی کی انوائس اور مال کی ڈیلوری کے کاغذات بطور ثبوت دیے ۔ اس کے بعد رام گوبن نے نیٹ کیر کے بینک اکاؤنٹ کی پیمنٹ کی کنفرمیشن کے ثبوت دیے جس کی بناء پر مہاراج نے ان کو رقم دینے کا معاہدہ کیا۔