کراچی: سی ٹی ڈی پولیس نے سولجر بازار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم حقیقی اور ایم کیو ایم کے اپنے کارکنوں کے قتل کے الزام میں متحدہ قومی موومنٹ گلبہارناظم آباد کے سابقہ سیکٹرانچارج کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے سولجربازارکے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ گلبہارناظم آباد کے سابقہ سیکٹرانچارج شمشاد خان ولد خورشید خان کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سےغیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتارملزم نے سال 1994 میں ایم کیو ایم حقیقی کے 2 کارکنان آصف کیپسن اور فہیم عرف فہمی اورسال 1995 میں انصار، کامران اورحقیقی کے یونٹ انچارج رفیق عرف پپوکوقتل کیا۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ سال2013 میں اپنے حکم پرایم کیو ایم کے کارکن حامد سال 2014 میں ایم کیوایم کارکن تراش اورحیدرحسین کو قتل کروایا، گرفتار ملزم نے سال 2014 میں سرفراز باڈی بلڈر اورایم کیوایم کے یونٹ انچارج183 ناظم آباد فرازکوقتل کروایا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم اس سے قبل دومرتبہ گرفتار ہوکرجیل جا چکا ہے جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 1992 میں آپریشن شروع ہوتے ہی بھارت فرار ہو گیا تھا۔ دوران مفروری ملزم کا رابطہ پارٹی قیادت نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے کروایا تھا اور بمبئی میں ملزم کو را کے افسران نے عکسری تربیت دی تھی اور ملزم کوٹاسک دیا کہ واپس کراچی جا کر پولیس ، خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں اور دیگرلوگوں کو قتل کرنا اورافراتفری پھیلانی ہے۔