قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے درمیان مختلف امور پر اختلافات میں شدت آنا راہیں جدا ہونے کا سبب بنا ، یونس خان نے انگلینڈ روانگی سے قبل 5 روزہ ہوٹل آئسولیشن میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے شدید اختلافات یونس خان کی مینجمنٹ سے علیحدگی کی وجہ بنے، مختلف اختلافات کی وجہ سے یونس خان نے لاہور کے بائیو سیکیور ببل میں بھی رپورٹ نہیں کی ۔
یونس خان نے ببل میں تاخیر سے رپورٹ کرنا تھی اس دوران بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار اختلافات ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن تاہم فریقین میں اختلافات کم نہ ہوسکے۔
بیٹنگ کوچ یونس خان کو متعدد امور پر پی سی بی انتظامیہ سے اختلافات تھے، جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے پہلے محمد یوسف کو کیمپ میں بھیجنا بھی یونس خان کو ناگوار گزرا تھا، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر(این ایچ پی سی) کے کوچز اور ان کے طریقہ پر بھی یونس خان کو تحفظات تھے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر محمد یوسف کو وقتی طور پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔