بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 3 منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور50 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،پانچ معمولی زخمیوں کو طبی اماداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
پولیس ، فائر سروسز اور سول ڈیفنس فورسزکا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ گیس کی وجہ سے ہوا ہےتاہم فائر سروس ، اور سول ڈیفنس کے سربراہ ، سجاد حسین نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہ جانے کیلیے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی سات دنوں میں اپنی رپورٹ جمع کرادے گی۔
ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس کمشنر محمد شفیق الاسلام نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے فائر سروس کے عملے سے مشاورت کے بعد معلوم ہوا کہ عمارت میں گیس ذخیرہ کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم سات عمارتوں اور کچھ سرکاری بسوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔