سعودی عرب میں متعین جاپانی سفیر فیومیو آوائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں تعیناتی کے محض 4 ماہ بعد ہی اُن کا وزن تیزی سے بڑھنے لگا ہے جس کی وجہ یہاں کے شہریوں کی فراغ دلانہ مہمان نوازی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان نے خلیجی ریاست میں وسیع تجربہ رکھنے والے ماہر سفارت کار فیومیو آوائی کو فروری میں سعودی عرب میں سفیر تعینات کیا تھا۔ خلیجی ممالک کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے فیومیو آوائی نہ صرف اعلیٰ حکام بلکہ عوام میں بھی گھل مل گئے ہیں۔
سعودی عرب میں جاپان کے سفیر فیومیو آوائی نے ریاض میں مقامی اخبارکو دیے گئے انٹرویو میں دلچسپ باتیں کیں۔ فیومیو آوائی نے بتایا کہ وہ فروری میں سعودی عرب پہنچے ہیں لیکن انہیں اب ان کے کپڑے تنگ ہونے لگے ہیں۔
جاپانی سفیرنے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے اپنی پتلونوں کو کمر سے ڈھیلا کروانا پڑ گیا تھا کیوں کہ میرا وزن تیزی سے بڑھ رہا ہے اوراس کی وجہ سعودی شہریوں کی فیاضانہ مہمان نوازی ہے جس میں مزیدار کھانے پیش کرتے ہیں۔
فیومیو آوائی نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی پُرجوش میزبانی اورلذیذ پکوان کی وجہ سے تمام احتیاطوں کو بالائے طاق رکھ دیتا ہوں اور رچ کر لذیذ پکوان کھاتا ہوں تاہم بیوی کے ٹوکنے پراب چہل قدمی کرکے وزن کو قابو کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
جاپانی سفیرنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنی اہلیہ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئرکی جس میں وہ اوران کی اہلیہ مقامی لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں اور چہل قدمی کر رہے ہیں۔ ان کی اہلیہ نے حجاب سے سرکو ڈھانپ بھی رکھا ہے۔