بھارت میں مرکزی حکومت کے 12 وزرا ایک ساتھ اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں،بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی طرف سے کابینہ میں تبدیلیوں کے بعد 12 وزرا نے استعفی دے دیا، جن میں صحت، آئی ٹی اور تعلیم کے وزرا شامل ہیں،بھارتی صدر نے وزیر اعظم کی تجویز پر وزرا کے استعفے منظور کر لیے، دوسری طرف بھارتی کابینہ میں مزید 43 وزرا اور وزرائے مملکت شامل کیے گیے ہیں، جنھوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق کورونا کی بے قابو صورت حال اور معیشت پر ہونے والی شدید تنقید کے رد عمل میں وزیر اعظم نریندر نے کابینہ میں رد و بدل کی ہے، وزارت داخلہ، دفاع، خارجہ اور خزانہ کے وزرا کو تبدیل نہیں کیا گیا۔مستعفی ہونے والے وزیر صحت ہرش وردھن کو مئی اور اپریل میں کرونا کیسز میں بے حد اضافے کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، کرونا وبا کی بے قابو صورت حال کی وجہ سے بھارت کے اکثر علاقوں میں مریضوں کو اسپتال میں بیڈز کی قلت، آکسیجن اور ادویات کی عدم دستیابی کا سامنا رہا ہے۔
مستعفی وزیر برائے آئی ٹی و انصاف روی شنکر پرساد گزشتہ چند ماہ سے غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ مختلف تنازعات میں الجھے ہوئے تھے۔دوسری جانب 36 نئے وزرا وزیر اعظم مودی کی کابینہ میں شامل ہوئے ہیں، جس کے بعد کل وزرا کی تعداد 77 ہو گئی ہے، کابینہ میں شامل ہونے والے تقریبا آدھے وزرا نئے ہیں۔