تاجکستان میں 5.9 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تاجکستان کے مشرقی ضلع راشت میں 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کا مرکز 165 کلومیٹر جنوب مغرب میں دارالحکومت دوشنبے میں تھا جس کی گہرائی دو کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکوں سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے اور کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ مکانات کے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے تلے دبے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جب کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرین کو کھانا اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث پہاڑی علاقوں سے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔