کراچی؛کورنگی ٹائون کے علاقے مہران ٹائون کا بیشترعلاقہ مذہبی تہوارعیدالاضحی پر بھی تاریکی میں ڈوبا رہا،ظالم کے الیکٹرک نے بے حسی کی انتہا کردی،معصوم بچوں اور خواتین پر بھی ترس نہ آیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے مہران ٹائون میں بجلی کا بحران سنگین صورت اختیارکرگیا،تمام ترحکومتی اورکے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
شہر قائد کے صنعتی اورغریب آبادی والے علاقے میں بجلی کی صورتحال مزید خراب ہو گئی،عید کے تیسرے روز بھی بجلی مکمل طور بند ہے،کے الیکٹرک کا بے حس عملہ کیا کر رہا ہے کسی کو کچھ معلوم نہیں ۔
مہران ٹائون کےعلاقے سیکٹر6 ایف میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے۔ گرمی سے خواتین اور بچوں کا برا حال ہے،مریض اور بزرگ شہری بھی پریشان ہیں جو مسلسل ہاتھ اٹھا کرکے الیکٹرک کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔
مسلسل بجلی کی بندش پرعلاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں دن میں بجلی آتی ہے نہ رات کو، کے الیکٹرک مافیا بن گیا ہے ،کوئی پوچھنے والا نہیں ،شہریوں کا گوشت بھی خراب ہوگیا ہے۔مکینوں نے چیف جسٹس پاکستان اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے رویے اورغفلت کا نوٹس لیا جائے ،علاقے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔