کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی کے قتل کے الزام میں اس کے چچا کو حراست میں لے لیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کے معاملے میں مقتول لڑکی کے چاچا کو حراست میں لے لیاگیا۔
پولیس کے مطابق جس پستول سے گولی چلائی گئی وہ چچا کی لائسنس یافتہ ہے۔قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ پولیس نے مقتولہ ثمینہ کے گھر میں آٹے کی بوری سے برآمد کیا، مقتولہ کا چچا اسی عمارت میں نچلی منزل پر رہائش پذیر ہے۔
پولیس حکام کے مطابق لڑکی کا بھائی واقعے کے بعد سے غائب ہے، پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پستول کا ٹریگر اتنا سخت ہے کہ لڑکی کے لیے چلانا ممکن نہیں تھا۔
اس حوالے سے تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ مقتولہ ثمینہ کے موبائل فون کا ڈیٹا لیا جارہا ہے جس کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔