پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔فائل فوٹو

آزاد کشمیرانتخابات۔7 مہنگے ترین ووٹرز کون ہیں؟

آزاد کشمیر اسمبلی کی 45نشستوں کے لئے ہونے والے عام انتخابات میں32لاکھ 20ہزار 793ووٹرز میں سے سب سے زیادہ مہنگے 7ووٹرز ہیں جن کے ہر ووٹ کی مجموعی مالیت کم از کم ایک لاکھ روپے بنتی ہے ۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ایک پولنگ اسٹیشن پرکم ازکم خرچہ ایک لاکھ روپے سے زائد متوقع ہے لیکنLA40 کشمیر ویلی ون کے سات پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جہاں صرف ایک ووٹرکے لیے پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ان سات پولنگ اسٹیشن میں گورنمنٹ پرائمری اسکول سعید آباد کراچی میں ایک خاتون ووٹر کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے جبکہ اسی طرح گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول تھانہ بلا خان جام شورو میں ایک مرد ووٹر کے لیے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس ٹنڈو اللہ یار میں ایک خاتون ووٹر کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دادو میں خاتون ووٹر کے لئے، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری  سکول قاضی سلطان کنری میں خاتون ووٹر کے لئے ، گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول تربت میں ایک مرد ووٹر کے لئے جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قلعہ سیف اللہ میں خاتون ووٹر کے لئے پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے ۔جہاں پولنگ سٹاف صرف ایک ووٹر کے لئے سارا دن انتظار کرنے پر مجبور ہو گا۔

آزاد کشمیر کے LA7بھمبر میں سب سے زیادہ ایک لاکھ بارہ ہزار ووٹر ہیں جبکہ سب سے کم ووٹر LA43کشمیر ویلی 4میں صرف 2457ہیں۔ 45حلقوں کے لئے 32لاکھ 20ہزار سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کا ووٹرز کے اعتبار سے سب سے بڑا حلقہ LA7بھمبر ہے جہاں سب سے زیادہ ایک لاکھ بارہ ہزار 29ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ۔ووٹرز کے اعتبار سے سب سے چھوٹا حلقہ LA40کشمیر ویلی ون ہے جہاں ووٹرزکی کل تعداد صرف 2457ووٹرز پر مشتمل ہے۔