مالی میں انتہا پسندوں کے پرتشدد حملوں کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
مالی میں انتہا پسندوں کے پرتشدد حملوں کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

 مالی میں انتہا پسندوں کا گائوں پر حملہ۔ 51 افراد ہلاک

مالی کے حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ انتہا پسندوں نے گائوں پر حملہ کرکے کم از کم51 افراد کو قتل کردیا جبکہ پڑوسی ملک برکینا فاسو میں بارہ فوجی جوان بھی مارے گئے۔

ایک فوجی افسر نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ بندوق برداروں نے نائجر کی سرحد سے ملحق مالی کے تین گاؤں پر حملہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق” دہشت گرد گاؤں میں داخل ہو گئے اور جو ملا اسے قتل کر دیا۔”

فوجی افسرنے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا،”کورو میں بیس شہریوں کا قتل عام ہوا،اوٹاگونا میں چودہ شہری ہلاک کیے گئے اور ڈاوٹے گیفٹ میں بھی شہریوں کو مار ڈالا گیا۔”

افریقی ملک مالی میں انتہا پسندوں کے پرتشدد حملوں کے بعد تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، حکام کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ملک کے شمالی علاقوں میں متعدد ديہاتوں پر منظم حملے کيے۔ ان واقعات میں کم از کم چوالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادھر مالی کی فوج کی جانب سے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ مالی میں القاعدہ اور داعش سے منسلک کئی مقامی گروپ فعال ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس کارروائی میں کون سا دہشت گرد گروہ ملوث ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے مشن بھی اس افریقی ملک میں سرگرم ہیں۔

دریں اثنا پڑوسی ملک برکینا فاسو میں بھی حملے میں بارہ فوجی ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ وزیر مواصلات اوسینی تمبورا نے حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ زمینی فوج اور ریپڈ انٹروینشن فورس گارسی پر بھی حملہ کیا گیا۔