مظفرآباد۔کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں مظفر آباد ٹائیگرز نے کوٹلی لائنز کو شکست دے دی جبکہ اوورسیز واریئرز نے پہلی فتح حاصل کرلی۔
کشمیر پریمیئر لیگ کے منگل کو دو میچز کھیلے گئے۔ کوٹلی لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مظفر آباد ٹائیگرز کو 196 رنز کا ہدف دیا۔
مظفر آباد ٹائیگرز نے 196 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تیمور سلطان 4 رنز بناکر ذیشان اشرف کا ساتھ چھوڑ گئے، صہیب مقصود 17 کے بعد کپتان محمد حفیظ کی گیند کا سامنا کیے بغیر ہی رن آؤٹ ہو گئے۔
مظفر آباد ٹائیگرزکی ٹیم کے 100 رنز 10ویں اوور میں مکمل ہوئے۔ سہیل اختر 17 اور انورعلی 15 رنز ہی بنا سکے۔
ایونٹ کی پہلی سنچری اسکورکرنے والے ذیشان اشرف نے ہدف کا حصول 18.3 اوورز میں ممکن بنا دیا،اوپنر 62 گیندوں پر 107 اور وسیم جونیئر 19 رنز پر ناقابل شکست رہے، عاکف جاوید نے 2 وکٹیں لیں۔
سید عبداللہ 16گیندوں پر 35رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کامران اکمل 27 کے بعد احسان علی 11 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے تو 10ویں اوورز میں اسکور 85 تھا، آصف علی نے صرف 34 گیندوں پر67 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
سیف بدر 28 اور خالد عثمان 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوٹلی لائنز نے 4 وکٹ پر195 کا مجموعہ حاصل کیا۔ سہیل تنویر، ارشد اقبال، عثمان یوسف اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے میچ میں اوورسیز واریئرز نے باغ اسٹالینز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی۔ اوورسیز واریئرز نے 187 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔ حیدر علی نے اکیانوے رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی۔