کابل۔بھارت نے افغانستان کے صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں قائم اپنے آخری قونصل خانے کو بھی بند کردیا اور اپنےشہریوں کوبھی وہاں سے نکال لیا۔
برطانوی خبرایجنسی کی رپورٹ کےمطابق بھارت نے مشرقی افغانستان کے شہر میں موجود اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی جہاز بھیجا جہاں طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان کے شمالی خطے کے سب سے بڑے شہر مزار شریف میں بھارت نے قونصل خانے کو بند کرتے ہوئے اپنے سفارت کاروں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس گھر پہنچیں۔
خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے شمال، مغرب اور جنوب میں مختلف صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور رپورٹس کے مطابق اب تک ساتویں دارالحکومت پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارت نے افغانستان بھر میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری کر رکھی تھی لیکن اب مختلف شہروں پر قائم قونصل خانے بند ہوچکے ہیں اور صرف کابل میں سفارت خانہ فعال ہے۔