لیگی رابطہ کاروں نے پیپلز پارٹی کی پیشکش پر وقت مانگ لیا۔فائل فوٹو
لیگی رابطہ کاروں نے پیپلز پارٹی کی پیشکش پر وقت مانگ لیا۔فائل فوٹو

مرکز اور پنجاب میں حکومت تبدیلی کیلیے بیک ڈور رابطے شروع ہوگئے

لاہور:مرکز اور پنجاب میں حکومت گرانے کیلیے بیک ڈور رابطے شروع ہو گئے،پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق  پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان بیک ڈور رابطے شروع ہوگئے اوران رابطوں میں اہم ہیش رفت بھی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چئیرمن بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر مرکزاور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے خواہاں ہیں اور بیک ڈور رابطوں میں پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کی خواہش کا اظہار بھی کردیا ۔

پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کردی ہے اور کہا ہے کہ اگر ن لیگ ساتھ دے تو مرکزاور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی ممکن یے، کیوں کہ ہمارے پاس مرکز اور پنجاب میں نمبرز پورے ہیں، اگر آپ ساتھ دیں تو ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں پیپلزپارٹی مرکز میں وزیراعظم اور  پنجاب میں وزیراعلی ن لیگ کا قبول کرے گی۔

پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کے ناراض اراکین اور حکومتی اتحادی پوری طرح تیار ہیں، حکومت اور اتحادیوں کے 25 سے زائد ارکان قومی اسمبلی اور پنجاب میں 31 ارکان اسمبلی ساتھ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رابطہ کاروں نے پیپلز پارٹی کی پیشکش پر وقت مانگ لیا اور کہا کہ قیادت سے مشاورت کے بعد آپ کی پیشکش کا جواب دیں گے۔