سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ارباب غلام رحیم کو نکالنے میں کامیاب رہے۔فوٹو سوشل میڈیا
سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ارباب غلام رحیم کو نکالنے میں کامیاب رہے۔فوٹو سوشل میڈیا

ارباب رحیم پھر جوتے کھانے سے بچ گئے

ٹنڈو محمد خان:سابق وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ارباب رحیم کے قافلے پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا  ،ٹنڈو محمد خان میں میڈیا سے گفتگو کے بعد واپس جاتے ہوئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ارباب غلام رحیم کی گاڑی روک لی ،سابق وزیراعلیٰ کے خلاف شدید نعرے بازی ،پیپلز پارٹی کے کارکن ارباب غلام رحیم کو  جوتیاں دکھاتے رہے،تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہاتھا پائی ، سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار محفوظ راستہ بناتے ہوئے کسی نقصان کے بغیر ارباب غلام رحیم کو نکالنے میں کامیاب رہے۔

ارباب غلام رحیم ٹنڈو محمد خان پہنچے تھے جہاں انہوں نے تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ الیکشن میں بھر پور کامیابی کے بعد  تحریک انصاف صوبے میں حکومت بنائے گی ۔بعد ازاں جب وہ اپنے قافلے سمیت وہاں سے روانہ ہوئے تو پیپلز پارٹی کے کارکن ان کی گاڑی کے سامنے آ گئے اور شدید نعرے بازی شروع کردی ،کارکنوں نے ہاتھوں میں جوتیاں اٹھا کر ارباب غلام رحیم کی جانب نازیبا اشارے کرتے رہے ۔

اس موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ارباب غلام رحیم کی گاڑی کو گھیرے میں لیتے ہوئے کارکنوں کو پیچھے کی جانب دھکیلا ،اس موقع پر دھکم پیل بھی ہوئی جبکہ تحریک انصاف کے کارکن پیپلز پارٹی کے جیالوں سے الجھ پڑے  اور ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔

اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ افیئرزڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہاہے کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سندھ میں آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی کے بعد حکومت بنائے گی ،وزیراعظم عمران خان سندھ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

ٹنڈو محمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کو تباہ کر دیا ،کرپشن کے سوا انہوں نے کچھ نہیں کیا، اپوزیشن چاہے جتنا زور لگا لے وزیراعظم عمران خان مزید مضبوط ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

وفاقی حکومت کی طرف سے احساس پروگرام ،سمیت متعدد پروگرام شروع کیے گئے جن سے بلاتفریق لوگوں کی خدمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سندھ میں مستحکم ہو رہی ہے، وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں ہم عوام کو متحرک کریں گے۔