برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے کہا کہ مغربی ممالک کو طالبان کے ساتھ تعلقات میں حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہو گا ، افغانستان کے نئے حکمرانوں پر نظر رکھنا ہوگی، افغانستان کا اقتدار طالبان کے پاس ہے ، اس حقیقت سے نمٹنا ہوگا۔
ڈومینیک راب نے برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز سے بات کی اورایک سوال کہ کیا طالبان غیر منظم جتھا ہیں؟ اس پران کا کہنا تھا کہ "میں اس نقطہ نظر سے اختلاف نہیں رکھتا مگر اب اقتدار ان کے پاس ہے اور ہمیں اس حقیقت سے نمٹنا ہوگا، ہمیں اس امر کو دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ نئی حکومت کو قابو میں کر سکیں گے یا نہیں؟۔
انہوں نے طالبان کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردی کی پناہ گاہ نہ بننے دیا جائے۔ مغربی قوتیں اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں دہشت گرد قوتوں کو پنپنے نہ دیں، ہمارا یہی پیغام ہے کہ افغانستان سے مغرب پر دہشت گرد حملے نہیں ہونے چاہئیں، ہم نے 20 سال محنت کر کے یہ یقینی بنایا ہے کہ مغربی ممالک محفوظ رہ سکیں۔
ڈومینیک راب کا مزید کہنا تھا کہ” ہم سفارتی و معاشی پابندیوں سمیت تمام ممکنہ اقدام اٹھانے کو تیار ہیں جن سے ہم طالبان سے اپنی بات منوا سکیں اور میں حقیقت پسند رہتے ہوئے طالبان حکومت پر مثبت اثر ڈالنا چاہتا ہوں۔”