واشنگٹن:امریکا نے فنڈز تک طالبان کی رسائی روکنے کے لیے اپنے بینکوں میں افغان حکومت کے 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کی مالیت کے اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی خزانہ کی سیکرٹری جینٹ ییلن اور محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول کے اہلکاروں نے امریکا میں موجود افغان حکومت کے اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت امریکی بینکوں میں افغان حکومت کے 9 9.5 بلین ڈالر کے اثاثہ جات منجمد کردیے گئے۔
افغان حکومت کے اربوں ڈالر کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا فیصلہ طالبان کی جانب سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کیا گیا ہے۔بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدارنے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ افغان حکومت کے امریکا میں موجود کسی بھی مرکزی بینک کے اثاثوں تک طالبان کو رسائی نہیں دی جائے گی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے یہ اقدام وائٹ ہاؤس کی ہدایت پر بھی کیا گیا ہے جس کی منظوری صدر جوبائیڈن نے دی۔ بائیڈن انتظامیہ طالبان پر دباؤ ڈالنے کے لیے دیگر اقدامات پر بھی غورکر رہی ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے کابل جانے والی ڈالرزکی شپ منٹس کو روک دیا ہے۔ اس حوالے سے افغانستان کے مرکزی بینک کے صدر اجمل احمدی نے بھی 3 روز قنل ٹوئٹ کی تھی کہ ڈالرزکی امریکا سے کابل آمد کو روک دیا گیا ہے۔