کابل ائیرپورٹ امریکی افواج کے کنٹرول میں ہے جہاں افرا تفری کا عالم ہے۔فائل فوٹو
کابل ائیرپورٹ امریکی افواج کے کنٹرول میں ہے جہاں افرا تفری کا عالم ہے۔فائل فوٹو

کابل ائیرپورٹ پر بھگدڑمچنے سے مزید7 افغان شہری جاں بحق

کابل ائیرپورٹ پر بھگدڑمچنے کے نتیجے میں مزید7 افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پراب بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد جمع ہیں جو ملک چھوڑکر بیرون ملک جانے کیلیے بے تاب ہیں، طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کابل ائیرپورٹ امریکی افواج کے کنٹرول میں ہے جہاں افرا تفری کا عالم ہے، ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ جلد از جلد طیارے میں سوار ہوکر بیرون ملک چلاجائے۔

برطانوی وزارت دفاع نے کابل ائیرپورٹ پرافراتفری اور بھگڈر کے نتیجے میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ان 7 افغان خاندانوں کے لیے ہیں جنہوں نے بھگڈر کے دوران اپنے پیاروں کو کھودیا، دوسری جانب ائیرپورٹ پر صورتحال انتہائی خراب ہے تاہم سیکیورٹی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پوری کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ انسانی جانوں کو بچیا جا سکے۔

چند روز قبل بھی ملک چھوڑنے کی کوشش کے دوران کچھ افراد نے طیارے کے پہیوں سے چمٹ کر جانے کی کوشش کی تاہم جہاز کے اڑنے کے بعد وہ زمین پرآگرے جب کہ بھگڈر کے نتیجے میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے تاہم برطانوی میڈیا نے ایک بار پھر بھگڈر میں 7 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امریکی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم عالمی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ افراد بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔