صنعا: یمن کے صوبے لحج میں ایرانی حمایت یافتہ باغی ملیشیا نے بیلسٹک میزائلوں اور بمبارڈرون طیاروں سے فوجی اڈے پرحملہ کرکے 30 سے 40 فوجیوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوارکی صبح حوثی ملیشیا نے فوجی اڈے پرجاری تربیتی مشقوں کے دوران فوجیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں غیرمعمولی جانی نقصان ہوا ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان محمد النقیب کے مطابق فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں حکومت کے حمایتی تقریباً 30 سے 40 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ زخمی افراد کی تعداد 60 ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں یا نہیں۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ الاناد ائیر بیس پر حملے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو صوبے کے مرکزی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یمنی افواج کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ فوجی اڈے پر میزائل اور ڈرون سے حملہ حوثی باغیوں نے کیا تاہم حوثی باغیوں نے حملے سے متعلق تاحال کوئی بیان نہیں دیا ۔