واشنگٹن:امریکا نے افغان دارالحکومت کابل میں ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے راکٹ حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔
امریکی عہدیدار کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے راکٹ حملے میں ممکنہ طور شدت پسند تنظیم داعش کے خود کش بمبارکو نشانہ بنایا گیا۔خبر رساں ادارے کو مذکورہ اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس فوجی حملے میں داعش کے مشتبہ عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سابق افغان حکومت کے ایک سکیورٹی اہلکار کے مطابق یہ ایک راکٹ حملہ تھا جو کابل میں ایک گھر سے ٹکرایا ہے۔
افغان طالبان نے راکٹ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی حملےمیں گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو نشانہ بنایاگیا‘۔ طالبان ترجمان کے مطابق خودکش بمبار کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرناچاہتا تھا،جس کو امریکا نے روانہ ہونے سے پہلے ہی نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل کابل میں واقع حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب خواجہ بگھرا میں ایک گھر پر راکٹ داغا گیا، جس کے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی تھی جبکہ آسمان پر سیاہ دھوئیں کے بادل پھیل گئے تھے جس کی سوشل میڈیا پر تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں۔