سرنگر: کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے اپنے گھر پر نظر بند تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کا انتقال بدھ کے روز سرینگر میں ہوا۔ان کا انتقال نظر بندی کے دوران رات 10 بجے ہوا۔ حریت رہنما عبدالحمید لون نے سید علی گیلانی کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں سید علی رضا گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سید علی گیلانی کو سپرد خاک کر دیا گیا
پوری زندگی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والے حریت رہنما سید علی گیلانی کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی گزشتہ روز طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے ، حریت کانفرنس نے پوری مقبوضہ وادی میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
سید علی گیلانی کی تدفین کے موقع پر حیدر پورہ کا علاقہ مکمل طور پر سیل کیا گیا ، شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کٹھ پتلی انتظامیہ نے علی گیلانی کی شہداء قبرستان میں تدفین کی اجازت بھی نہ دی , کسی کو سید علی گیلانی کا آخری دیدار بھی نہ کرنے دیا گیا۔