ان صاحب کی ہفتہ وار تنخواہ ایک لاکھ یورو (ایک کروڑ 98 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔ مگر اس کے باوجود یہ مسجد کے باتھ روم دھوتے ہیں۔ یہ ہیں سینیگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹ بالر سادیو مانی ۔ جو معروف برطانوی فٹ بال کلب لیور پول (Liverpool) سے وابستہ ہیں۔
ان کا شمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔فٹ بال کی تاریخ میں تیز ترین ہیٹرک کا اعزاز انہیں حاصل ہے۔ انہیں لیور پول کلپ نے 34 ملین پاؤنڈز میں خریدا تھا۔ سادیو مانی اس کلب سے ہر ہفتے 1 لاکھ یورو کی تنخواہ لیتے ہیں۔ مگر وہ لیور پول کی مسجد اور اس کے ٹوائلٹ کی صفائی کو اپنا معمول بنائے ہوئے ہیں۔ سادیو مانی کا کہنا ہے کہ وہ ایک باعمل مسلمان ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور اسے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔ اس فوٹیج میں سینگالی فٹ بالر کو لیور پول کی مسجد ’’الرحمۃ‘‘ کے ٹوائلٹ کی صفائی کرتے دیکھا گیا۔جب لوگوں کو یہ معلوم ہوا کہ مسجد کے ٹوائلٹ کی صفائی کرنے والا شخص 26 سالہ فٹ بالر ہے،تو حیران رہ گئے۔ سادیو مانی کا تعلق سینیگال کے شہر بامبالی کے ایک غریب گھرانے سے ہے۔ ان کے والد ایک مسجد میں پیش امام ہیں۔ انہوں نے اپنے علاقے ہی میں پرورش پائی۔
ان کا مسجد سے تعلق بچپن ہی میں قائم ہو گیا تھا۔ پھر 2016ء میں سادیو مانی نے اپنے آبائی علاقے میں ایک مسجد اور مدرسے کی تعمیر کیلیے گراں رقم عطیہ کی تھی۔ اب یہ مسجد زیر تعمیر ہے۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے: ایک فٹ بالر جو میدان کے علاوہ باہر دیگر لوگوں کی فکر کرتا ہے قابل داد ہے۔ اپنی حقیقت کو یاد رکھنا اہم ہے۔ انسان اپنے مال کو اپنے ساتھ نہیں لے جاسکتا ہے۔ موت کے بعد سب کچھ رہ جاتا ہے۔ انسان زندگی میں بہت کچھ کر سکتا ہے۔ مانی نے سال 2005ء سے 13 سال کی عمر میں لیور پول کا میلان کے ساتھ فائنل مقابلہ دیکھا تھا اورآج وہ اس ٹیم میں اسٹار کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں۔