کراچی:شہر قائد میں بارش کے بعد ملیر ندی میں پانی کی روانی سے سڑکیں زیر آب آگئیں، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
شہر قائد میں گزشتہ دو روز میں ہونے والی بارش سے کراچی کے رہائشی پھر مشکلات کا شکار ہوگئے، ملیر ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کورنگی کازوے زیر آب آگیا۔
محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ قیوم آباد سے کورنگی صنعتی علاقے کو ملانے والا کورنگی کازوے زیرآب ہے جس کے باعث یہ سڑک بھی ٹریفک کےلیے بند کردی گئی ہے۔
محکمہ ٹریفک نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مشکلات سے بچنے کےلیے متبادل راستہ اختیار کریں، ٹریفک پولیس نے قیوم آباد سے کورنگی صنعتی علاقے میں آنے والوں کو بروکس چورنگی کا راستہ اختیارکرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ملیر کورٹ سے مرتضیٰ چورنگی جانے کےلیے شہری قائد آباد کا روٹ استعمال کریں اور بلوچ کالونی سے کورنگی جانے کےلیے جام صادق پل کا راستہ اپنائیں۔
کراچی انتظامیہ نے شہریوں کی رہنمائی کےلیے ملیر ندی کے اطراف میں پولیس تعینات کردی جس نے ندی کی طرف آنے والے ٹریفک کو روک دیا۔