قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان سے مذاکرات کی پیشکش کردی۔
اپنے ایک بیان میں احمد مسعود نے کہا ہے کہ اگر طالبان پنج شیراوراندراب میں پیش قدمی روک دیں تو قومی مزاحمتی محاذ قیامِ امن کی خاطر فوری طور پر جنگ بندی کیلیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مزاحمتی محاذ طالبان کے ساتھ اختلافات کو اسلام اور اخلاقیات کی روشنی میں پرامن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ حکومت میں تمام گروپوں اورفرقوں کی نمائندگی شامل کی جائے گی۔
احمد مسعود کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب طالبان پنج شیر پر قبضہ کرچکے ہیں۔ اس وقت پنج شیر کے دارالحکومت میں لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل طالبان کی جانب سے کئی روز تک قومی مزاحمتی محاذ کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم مثبت پیش رفت نہ ہونے کے بعد طالبان نے پنج شیر پر حملہ کردیا تھا۔