اگلے سیزن میں دنیا کی بہترین ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں۔فائل فوٹو
اگلے سیزن میں دنیا کی بہترین ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں۔فائل فوٹو

پاکستان نیوٹرل وینیو پر سیریز نہیں کھیلے گا۔ رمیز راجہ

لاہور:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) رمیز راجہ نے دبنگ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیریز کیلیے نیوٹرل وینیو پر نہیں جائے گا، ہم ایشیائی بلاک بنائیں گے ۔

ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ صورتحال اچھی نہیں ،ہمارے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ بغیر کچھ شیئر کئے دورہ ختم کر دیا جائے ، پاکستان کرکٹ پر دباؤ ہے مگر ہم سیریز کیلیے نیوٹرل مقام پر نہیں جائیں گے، یہ ہمارے لیے ایک مصروف ترین کرکٹ سیزن تھا ،ہمیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونا چاہیے،ایک ساتھ آگے بڑھنا ہے ، ہمارے لیے اب تک سبق ہی سبق ہے ۔ پتہ چل رہا ہے کون دوست ہے ، کون ساتھ کھڑ اہے ۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈکی ٹیم سیکیورٹی تھریٹ کا بتائے بغیر چلی گئی ، یہ سب ہمارے ہاں ایک مائنڈ سیٹ کے ساتھ آتے ہیں، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ چیف سے بات کی، ہم آئی سی سی کے فورم پر بھی کھل کر بات کریں گے ۔ ہم نے یہاں پہنچنے کیلیے بڑی محنت کی مگراس کی قدر نہیں کی گئی ، صورتحال سمجھنے کی کوشش کریں ، ایک دوسرے پرالزامات مت عائد کریں ۔