ٹک ٹاک پر پابندی کے پیچھے پی ٹی اے کا اپنا کوئی ایجنڈا ہے،فائل فوٹو
ٹک ٹاک پر پابندی کے پیچھے پی ٹی اے کا اپنا کوئی ایجنڈا ہے،فائل فوٹو

وفاقی کابینہ کا ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔ کابینہ نے عدالتی فیصلوں اور احکامات کی روشنی میں وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق معاملے پرغورکیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کررکھی ہے، ایپ پر پابندی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو معاملہ وفاقی کابینہ میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عالیہ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی اے ٹک ٹاک پر پابندی کا کوئی مناسب جواز پیش نہیں کر سکا، جب یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ ایک فیصد افراد ٹک ٹاک کاغلط استعمال کررہے ہیں تو سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی حل نہیں، سوسائٹی میں تنزلی کی علامت کو سوشل میڈیا سائٹس پر موجود مواد سے نہیں ملایا جا سکتا، عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی غیر معمولی ترقی سوسائٹی میں بہت سے چیلنج سامنے لائی ہے۔