غزہ۔اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ متعدد نوجوانوں کوغیر قانونی طورپرحراست میں لے لیا گیا۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے یروشلم کے نزدیک مغربی کنارے میں ایک گاؤں پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کرکے احمد زہران، محمد حمیدان اور زکریا بدوان نامی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
اسی طرح اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی گاؤں برقن میں بھی ایک گھر پر چھاپہ مارکرنوجوان کو حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسی علاقے میں ایک اور فلسطینی نوجوان کے شہید ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان مسلح تھے اور چھاپے کے دوران جدید اسلحے سے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ جوابی فائرنگ میں فلسطینی نوجوان بھی ہلاک ہو گئے۔