اسلام آباد:ٹیکس کے حوالے سے جاری آرڈنینس کے خلاف پاکستان بھر سے آئے تاجروں کا وفاقی دارالحکومت میں احتجاج جاری ہے۔
تاجر ٹیکسز میں مبینہ اضافے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں،تاجروں نے چند روز قبل اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاجروں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) دفتر کے باہر احتجاج شروع کیا تھا ،اس دوران مظاہرین نے ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی بھاری نفری نے بیریئر لگا کر انہیں روک لیا۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ جب تک آرڈنینس واپس نہیں لیا جاتا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔صدارتی آرڈیننس سے ایف بی آر کو دیے گئے اختیارات سے کرپشن میں اضافہ ہو گا اور ایف بی آر تاجروں کو حراساں کرنے کا عمل فوری طور پر بند کرے۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجروں سے ٹیکنیکل زبان میں گفتگو نہ کی جائے اور ملکی لٹریسی ریٹ کے مطابق آسان ٹیکس نظام وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل پر ڈیوائس لگانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے جبکہ سیل ٹیکس رجسٹریشن کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ حکومت تاجروں کے ساتھ پہلے سے کیے گئے معاہدے کی بھی پاسداری کرے۔