بدین، ٹھٹھہ، عمرکوٹ ،تھرسمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کےبعد گزشتہ رات گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ سجاول میں تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق طوفانی بارش کے باعث فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔ڈام ، سونمیانی ، کنڈ ملیر سمیت ساحلی علاقوں میں ریلیف سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
ضلع بدین، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں تیز بارشوں نے مرچ کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا ہے، کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ مرچ کی فصل پک کر تیار ہو چکی تھی اور چنائی کے مراحل میں تھی کہ بارشوں کے باعث فصل 30 فیصد تباہ ہو گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بارشوں کے باعث کھلے میدان میں سوکھنے کیلیے رکھی گئی سرخ مرچ اور مرچ کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔