اسلام آباد:وزیراعظم نے کہا ہے کہ افغانستان میں خانہ جنگی سے بہت تباہی ہوئی، افغانستان میں صورتحال کشیدہ ہوئی تو اثرات دور تک جائیں گے، طالبان نے 20 سال بعد حکومت سنبھالی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، افغانستان تمام ہمسایہ ممالک کیلئے اہم تجارتی گزر گاہ ہے، وسط ایشیائی ممالک افغانستان کے راستے پاکستان تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، طالبان نے 20 سال بعد حکومت سنبھالی ہے، افغانستان میں خانہ جنگی سے بہت تباہی ہوئی، افغانستان میں صورتحال کشیدہ ہوئی تو اثرات دور تک جائیں گے، پاکستان خطے میں اقتصادی تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت افغانستان میں صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، دنیا کو افغانستان کے ساتھ ہر صورت بات چیت کرنی چاہیے، افغانستان کو تنہا کرنے سے منفی اثرات مرتب ہوں گے، امریکا کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، امریکی عوام کو افغانستان کی اصل صورتحال سے گمراہ رکھا گیا، افغانستان کو تنہا کرنے سے افراتفری اور انسانی بحران پیدا ہوگا، افغانستان میں مضبوط طالبان حکومت دہشتگرد تنظیموں سے نمٹ سکتی ہے، امریکا نے 20 سال افغانستان میں رہ کر دیکھ لیا کہ مسائل کا حل کیا ہے۔