ٹی 20 ورلڈکپ میں مجموعی طور پر16ٹیمیں حصہ لیں گی۔فائل فوٹو
ٹی 20 ورلڈکپ میں مجموعی طور پر16ٹیمیں حصہ لیں گی۔فائل فوٹو

ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ 2021ء کا باقاعدہ آغازآج سے ہوگا

دبئی:ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ 2021ء کا باقاعدہ آغازآج (اتوار) سے ہوگا۔

ابتدائی روز پہلے میچ میں میزبان عمان کا مقابلہ پاپوا نیوگنی سے ہوگا، دونوں ہی ٹیمیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی خواہاں ہیں،دوسری جانب پاپوانیوگنی بھی اپنی مہارت کو پچ پر کامیابی سے بروئے کار لانے کی خاطر پْرعزم ہے۔ اتوار کے ہی روز بنگلادیش کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہوگا، بنگال ٹائیگرز کٹ آف ڈیٹ تک ٹاپ 8 میں جگہ نہ بنا پانے کی وجہ سے براہ راست سپر 12 راؤنڈ میں رسائی نہیں پا سکے تھے۔

ورلڈ کپ ابتدائی راؤنڈ میں گروپ بی کے میچز پیر کو ابوظبی میں کھیلے جائیں گے، دوپہر کو آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کا میچ ہوگا، سری لنکا اور نمیبیا کی ٹیمیں شام کو مدمقابل آئیں گی۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں مجموعی طور پر16ٹیمیں حصہ لیں گی۔ٹورنامنٹ  کا آغاز عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ہوگا جبکہ فائنل میچ14 نومبر کو ابوظہبی میں ہوگا۔ دفاعی چیمیپئین ویسٹ انڈیز اپنے ٹائٹل کا دفاع کریگی۔

ٹورنامنٹ تین حصوں پر مشتمل ہوگا۔ راؤنڈ 1- سپر اسٹیج 12 اور ناک آؤٹ یعنی  سیمی فائنل اور فائنل میچ۔ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں 8 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی جس میں دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر اسٹیج 12کےلیے کوالیفائی کرسکیں گی۔سپر اسٹیج 12 سے ہر گروپ کی دو دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

میچز کے دوران  جیت حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 پوائنٹس ملیں گے جبکہ  میچ ٹائی، منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹس کی حقدار ٹھہریں گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سیمی فائنل اور فائنل دونوں کے لیے ریزو دن رکھا ہے جبکہ انکے علاوہ کسی دوسرے میچ کے لیے یہ سہولت مہیا نہیں ہوگی۔

پاکستان کے گروپ میں بھارت ،  نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں جبکہ دو ٹیمیں پہلے راؤنڈ کھیلنے کے بعد اس گروپ میں شامل ہونگی۔ٹورنامنٹ کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم ، شیخ زیداسٹیڈیم اور عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ٹی20 ورلڈکپ کا انعقاد2007 سے ہورہا ہے جبکہ 2016 میں آخری ٹی20ورلڈکپ کھیلا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مجموعی طور پر میگا ایونٹ کیلیے 56 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح ٹیم16 لاکھ اور رنرز اپ8 لاکھ ڈالر حاصل کرے گی، سیمی فائنلزکی شکست خوردہ ٹیموں کو 4، 4 لاکھ ڈالر ملیں گے، سپر 12 اسٹیج کے دوران آئی سی سی ہر میچ کے فاتح کو بونس کے طور پر 40 ہزار ڈالر دے گی، اس راؤنڈ سے جو ٹیمیں ناک آؤٹ ہوں گی انھیں بھی فی کس 70 ہزار ڈالر ملیں گے۔

اسی طرح  ابتدائی راؤنڈ میں بھی ایک فتح پر40 ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ ناک آؤٹ ہونے والی ٹیم بھی 40 ہزار ڈالر ساتھ لے کر جائے گی۔