کراچی:پیپلز پارٹی سانحہ کارساز کی برسی کی مناسبت سے باغ جناح میں جلسہ عام آج ہوگا ۔
جلسے میں ناصرف کراچی بلکہ اندرون سندھ سے بھی کارکنوں کی آمد جاری ہے، جلسے میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک میں جاری مہنگائی اورمعاشی بدحالی کے خلاف پیپلزپارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے آج مزارِ قائد کے قریب واقع باغِ جناح میں ہونے والے جلسے کی سیکیورٹی کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
جاری کیے گئے سیکیورٹی پلان کے مطابق جلسے کے لیے ڈیوٹی پر 4 ہزار 111 پولیس افسر و اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ ٹریفک پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
جلسہ گاہ اور اطراف میں کراچی ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونزکے علاوہ سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو سمیت دیگر شعبوں کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔
مزارِ قائد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے میں شریک ہونے والے کارکنوں کے لیے مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔