لاہور:ممتاز دانشور، معروف ماہرِ تعلیم، نامور شاعر، تجزیہ نگار ،کالم نگار، حکومتِ پاکستان سے ستارہ امتیاز کے حامل اور اُمّ نصرت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اجمل خان نیازی74 سال کی عمر میں اتوار 17 اکتوبر اور پیر 18 اکتوبر 2021 ء کی درمیانی شب دو بجے انتقال کرگئے(انا للہ وانا الیہ راجعون), ان کی نماز جنازہ آج عصر کی نمازکے بعد وحدت کالونی گرائونڈ میں ادا کی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محمد اجمل نیازی شاعر، نقاد، محقق، دانشور، کالم نگار، ماہر تعلیم اور کمپیئر کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے ،وہ 16 ستمبر 1947ء کو موسیٰٰ خیل ضلع میانوالی میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ابتدائی طور پرگورڈن کالج راولپنڈی کے شعبہ اردو میں بطور لیکچرار تدریسی خدمات سرانجام دیں جبکہ لاہور کےگورنمنٹ کالج اور ایف سی کالج کے ساتھ میانوالی میں بھی تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ڈاکٹراجمل نیازی نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز گورنمنٹ کالج لاہورکے میگزین ’راوی‘سے بطور ایڈیٹر کیا جبکہ ماہنامہ ’پطرس‘ کے بھی ایڈیٹر رہے،وہ طویل مدت تک ’بے نیازیاں ‘ کے نام سے معروف قومی اخبار میں کالم بھی لکھتے رہے۔
بہترین کالم نگاری پر سابق صدر آصف علی زرداری نے انہوں ستارہ امتیاز سے نوازا۔دو سال قبل باتھ روم میں گرنے سے ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی ،جس کے بعد وہ مسلسل علیل تھے ،انہوں نے اپنے پسماندگان میں بیوہ رفعت نیازی ، دو بیٹے حسان خان نیازی، سلمان خان نیازی جبکہ ایک بیٹی تقدیس نیازی چھوڑی ہے۔