عمان۔آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں دوسرے دن سری لنکا کا سامنا نمیبیا سے ہوگا، آئرلینڈ اور نیدرلینڈزکی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔
آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں آئرلینڈ کا مقابلہ نیدرلینڈ سے ہوگا جو کہ 3 بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا اور نمیبیا شام 7 بجے مدمقابل ہوں گی۔
سابق چیمپئن سری لنکا اس بار سپر 12 میں براہ راست رسائی پانے میں ناکام رہا ہے ، آئی لینڈرز کو ابتدائی مرحلے میں ایسوسی ایٹ ممالک سے ٹکرانے کے بعد پیشقدمی جاری رکھنے کا موقع ملے گا، سری لنکن ٹیم کو اس بار ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ساتھ میسر ہے، نمیبیا کی ٹیم 18 برس بعد بڑے اسٹیج پر واپس آئی ہے۔
سری لنکا نے 2014 میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا جبکہ اس کے بعد ان کے تجربہ کار پلیئرزکی ریٹائرمنٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے بعد انھیں بہترین متبادل کی تلاش کا چیلنج درپیش ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں عمان نے پاپوا نیو گنی کو اور اسکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اورعالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔