دنیا بھر کے شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔فائل فوٹو
دنیا بھر کے شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔فائل فوٹو

پاکستان اور بھارت کے درمیان آج گھمسان کا رن پڑے گا

دبئی:پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈکپ کا میچ آج کھیلا جائے گا۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں گھمسان کا رن پڑے گا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے فیلڈنگ کرے گی۔

روایتی حریفوں کے میچ کیلیے نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ دنیا بھر کے شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے،دلوں کی دھڑکنیں تیز ہونے لگی ہیں، بھارتی کرکٹرز نے یواے ای میں آئی پی ایل کھیل کر کنڈیشنز کا اچھا تجربہ حاصل کرلیا ہے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے 12 کھلاڑیوں کا اعلان بھی کردیا، ان فارم کپتان کے ہمراہ اننگز کا آغاز محمد رضوان کریں گے،وکٹ کیپر بیٹسمین ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ کی فارم یواے ای میں برقرار نہیں رکھ پائے،دونوں وارم اپ میچز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے فخر زمان تیسرے نمبر پر کھیلیں گے، مڈل آرڈر میں تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک کو توقعات کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 12 کھلاڑیوں میں حیدر علی کا نام بھی شامل مگر پاور ہٹنگ کیلیے آصف علی کو ترجیح دینے کا امکان ہے، انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ میں کار آمد اننگز کھیلی تھی، بھارتی ٹیم میں دائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں پر قابو پانے کیلیے لیفٹ آرم بولر عماد وسیم کو محمد نواز پر ترجیح دی گئی ہے۔

شاداب خان لیگ اسپن بولنگ میں کارکردگی بہتر بنانے کی فکر لیے میدان میں اتریں گے، دونوں آل راؤنڈرز جارحانہ بیٹنگ سے بھی ٹیم کے کام آسکتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف پر مشتمل پیس بیٹری کو جارح مزاج بیٹنگ لائن پر قابو پانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن پر ابتدا میں ہی قابو پانا پاکستانی بولرز کیلیے بہت بڑا ٹاسک ہے،کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ روہت شرما،لوکیش راہول، ایشان کشن، ریشابھ پنت سب چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،آل راؤنڈرز رویندرا جڈیجا، ہردیک پانڈیا اور روی چندرن ایشون جیسا اسپنر بھی موجود ہے، پیسر جسپریت بمرا صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے، بھونیشور کمار اور شردل ٹھاکر بھی ساتھ دینے کیلیے دستیاب ہیں۔