اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکارکردیا گیا جبکہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرین کو جی ٹی روڈ پر روکنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے کالعدم تنظیم کے مظاہرین کو جی ٹی روڈ پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو ٹی ایل پی کے احتجاجی مارچ پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا، سیاسی مقاصد کیلئے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنے دیں گے۔