ابو ظہبی:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 125 رنز کا ہدف دیدیا۔
ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان میچ ابوظہبی میں کھیلا جارہا ہے۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور ریت کی دیوار کی طرح ایک ایک کرکے ان کی تین وکٹیں دہرے ہندسے میں داخل ہوئے بغیر ہی گرگئیں۔
اوپنرز لٹن داس 9، محمد نعیم 5 اور ٹاپ آرڈر بلے باز شکیب الحسن صرف 4 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ مشفق الرحیم نے اسکور کو سنبھالنے کی کوشش کی اور وہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد عفیف حسن بھی صرف 5 رنز ہی بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمود اللہ 19، نورالحسن 16، مہدی حسن 11 اور نسیم احمد نے 19 رنز بنائے جبکہ مستفیض الرحمن صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔
ورلڈ کپ میں اس سے قبل میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے ہرایا ہے۔