پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم۔ تفتیشی افسرکی اجازت کے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکیں گے۔

آریان خان کی ضمانت۔عدالت نے سخت پابندیاں لگا دیں

ممبئی ہائیکورٹ نے منشیات کیس میں گرفتارآریان خان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالتی فیصلے میں آریان خان اور ان کے ساتھ گرفتار ہونے والوں کوایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری تحریری فیصلے کے مطابق آریان خان کو اپنا پاسپورٹ عدالت کے حوالے کرنا ہوگا اور وہ ڈرگز آن کروز کیس کے تفتیشی افسرکی اجازت کے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکیں گے۔

ضمانت کی ان شرائط کے علاوہ ممبئی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ آریان خان میڈیا کے سامنے عدالتی کارروائی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیں گے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق جمعرات کو ضمانت حاصل کرنے والے آریان خان، ارباز مرچنٹ اور مونمون دھامیچا کو ہر جمعے کو این سی بی کے دفتر میں حاضر ہونا پڑے گا اورانہیں تمام تاریخوں پرعدالت میں بھی حاضر ہونا پڑے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی میں ساحل کے قریب کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپا مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو گرفتار کیا تھا۔