اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نےوزیراعظم عمران خان کےریلیف پیکج کو”فراڈ پیکج”قرار دیتے ہوئےان سےاستعفی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے ریلیف پیکج نہیں "تکلیف پیکج "کا اعلان کیا ہے،عمران صاحب کا” تکلیف پیکج” پسی عوام کے لیے مہنگائی کا نیا تباہ کن طوفان ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب اگر تین سال میں عوام کا آٹا ،چینی، بجلی، گیس ،دوائی چوری کا لوٹا ہوا پیسہ سرکاری خزانے میں جمع کروا دیں تو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی ختم ہو جائے گی ،عمران صاحب آپ کچھ نہ کریں، صرف استعفیٰ کا اعلان کریں، آٹا، چینی، گھی، بجلی، گیس اور دوائی سمیت سب کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کا ریلیف پیکج کا اعلان، ایک کروڑ نوکری ، پچاس لاکھ گھر اور آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا جیسا ہے، عوام سب جانتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑا فلاحی پروگرام کا اعلان کررہا ہوں،، اس پروگرام کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست کی جانب ایک قدم ہے،مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر دو کروڑ خاندانوں کے لیے 120 ارب روپے کے خصوصی ریلیف پیکج کے تحت گھی، آٹے اور ڈال پر 30 فیصد سبسڈی دی جائے گی،سبسڈی کا عمل چھ ماہ تک جاری رہے گا جبکہ’کامیاب پاکستان‘ پروگرام کے تحت مزید 1400 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو بلاسود گھروں کی تعمیرات کے لیے قرضے دیے جائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، ان کے تعاون کی وجہ سے دیوالیہ ہونے سے بچے ورنہ بہت مہنگائی ہوتی۔