لاہور:ملک میں چینی کا بحران شدید ہوگیا اورکئی علاقوں میں چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے سے تجاوزکرگئی ہے۔
کراچی میں چینی کی ہول سیل قیمت 130 روپے کلو جبکہ خوردہ قیمت 138 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح لاہور کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے ہو گئی ہے، لاہور کی پرچون دکانوں میں چینی 140 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے،لاہور میں مقامی چینی کا 50 کلو تھیلا 7 ہزار 50 روپے کا ہوگیا۔
پشاور میں 3 روز پہلے 6 ہزار میں ملنے والی 50 کلو چینی کی بوری 7100 روپے تک پہنچ گئی، اس طرح چینی کی ہول سیل قیمت 140 روپے کلو ہے جبکہ کریانے کی دکانوں میں چینی قیمت 145 سے 150 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔
اسی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بڑے شہروں میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ فی کلو 150روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ دیہات اور قصبوں میں چینی کی فی کلو قیمت 160 سے 165 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہے۔