80 فیصد دکانوں پر چینی کا اسٹاک 48 گھنٹوں سے ختم ہے ۔فائل فوٹو
80 فیصد دکانوں پر چینی کا اسٹاک 48 گھنٹوں سے ختم ہے ۔فائل فوٹو

راولپنڈی اوراسلام آباد میں چینی کا شدید بحران۔دکانوں پر اسٹاک ختم

راولپنڈی: جڑواں شہروں راولپنڈی اوراسلام آباد میں اوپن مارکیٹ میں چینی کا شدید بحران پیدا ہوگیا۔ کریانہ شاپس پر چینی ختم اوربلیک میں 150 روپے کلو فروخت ہونے لگی ۔ سہولت بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی چینی کا اسٹاک ختم ہوگیا۔

راولپنڈی اوراسلام آباد میں چینی کا بحران شدید ہوتا جارہا ہے ۔ 60 پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چینی کی قیمتوں میں استحکام اور ضرورت کے مطابق سپلائی میں مکمل طورپرناکام ہوگئے ہیں ۔ گلی محلہ کی کریانہ دکانوں نے چینی 150 روپے کلو فروخت کرنی شروع کردی ہے جبکہ 80 فیصد دکانوں پر چینی کا اسٹاک 48 گھنٹوں سے ختم ہے ۔

کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ چینی کی سپلائی معطل ہے ، پرائیویٹ ڈیلرز دکانداروں کو 110 سے 120 روپے کلو قیمت میں چینی سپلائی کر رہے ہیں ، ہم 120روپے کلو چینی خرید کر سرکاری قیمت 90 روپے کلو پر فروخت نہیں کر سکتے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کے تحریک لبیک کے دھرنا کی وجہ سے راستے بند تھے جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی۔

حکام کے مطابق سرکاری چینی ضلع راولپنڈی میں اب ضرورت کے مطابق سپلائی کر دی ہے آج شام تک چینی بحران ختم ہو جائے گا۔