ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز نے بتا دیا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سردیوں کا باقاعدہ آغاز دسمبر اور جنوری میں ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے سردار سرفرازکا کہنا تھا کہ کراچی میں خشک ہوائیں چل رہی ہیں، آئندہ 3 روز کے دوران شہرِ قائد میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 3 روز کے دوران کراچی کا کم سے کم درجۂ حرارت 17 سے 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ ہائی پریشر کے باعث پاکستان میں خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ 20 نومبر کے بعد مغربی ہواؤں کا سسٹم پاکستان کو متاثر کر سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث شہرِ قائد میں درجۂ حرارت گر سکتا ہے۔