اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ثاقب نثارکی لیک آڈیو پر چک شہزاد میں پریس کانفرنس کروں گی، حکومت اصل مجرم ہے، نیب تو آلہ کار ہے، نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اصل مجرم حکومت ہے نیب تو حکومت کی ایک آلہ کار ہے، نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں بلکہ جب ان سے مانگے جاتے ہیں تو اس کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیسز حکومت میں بیٹھے لوگوں کی طرف سے بنائے گئے ہیں نیب جواب کہاں سے دے، اور جب نیب سے جواب نہیں بنتا تو حکومت کو آنا پڑتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے کیس میں نیب التوا مانگ رہی ہے میں نہیں مانگ رہی، یہاں فارن فنڈنگ کیس نہیں چل رہا جس میں التوا مانگا جائے، عرفان قادر کا سپریم کورٹ میں کیس ہے اس لیے وہ پیش نہیں ہو رہے، ثاقب نثارکی لیک آڈیو پر چک شہزاد میں پریس کانفرنس کروں گی۔